Skip links

masjid ki ehmiyat

اَحَبُّ الْبِلَادِ اِلَي اللّٰهِ مَسَاجِدُهَا. ( مسلم 671)

ترجمہ: اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب جگہ مسجدیں ہیں۔

تشریح: رمضان المبارک کا پورا مہینہ عجیب حالات میں گذرا، وباء کی وجہ سے ساری عبادت گاہیں بند تھی، لوگ عجیب غیظ وغضب کی کیفیت میں تھے کہ ہماری عبادت گاہیں بند ہیں، ایسا لگ رہا تھا کہ اگر عبادت گاہیں نہ کھولی جاۓ تو لوگ آپے سے باہر ہو جائیں گے لیکن ایک طویل عرصہ کے بعد جب عبادت گاہیں کھلی تو مسجدوں میں مسلمانوں کی تعداد دیکھ کر ایسا لگا کہ مسلمانوں کی عبادت گاہوں سے محبت صرف زبانی جمع خرچ ہے، حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔
مسجد بنانا، روشن کرنا اس کا نظم و انتظام کرنا اگر کسی کی نظر میں مسجد کا حق ادا کرنا ہے تو وہ جان لے کہ اس کا یہ خیال باطل ہے، اللہ تعالیٰ نے کفار مکہ سے فرمایا جو کسی عام مسجد کی نہیں بیت اللہ کی خدمت کرتے تھے : اَ جَعَلْتُمْ سِقَايَةَ الْحَاجِّ وَ عِمَارَةَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ كَمَنْ اٰمَنَ بِاللّٰهِ وَالْيَوْمِ الْاٰخِرِ…( التوبة 19) ترجمہ: کیا تم نے حاجیوں کے پانی پلانے اور مسجد حرام کے آباد کرنے کو اس شخص کے عمل کے برابر قرار دیا جو ایمان لائے اللہ پر اور آخرت پر۔۔۔
مساجد کو اصل میں آباد کرنے والوں کی اللہ نے نشاندھی کرتے ہوئے فرمایا: اِنَّمَا يَعْمُرُ مَسَاجِدَ اللّٰهِ مَنْ اٰمَنَ بِاللّٰهِ وَ الْيَوْمِ الْاٰخِرِ وَ اَقَامَ الصَّلٰوةَ…( التوبة 18) ترجمہ: مسجدوں کو تو وہ لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ پر اور آخرت پر ایمان رکھتے ہیں اور نماز کی پوری رعایت کرتے ہیں۔
اب ہم ہی غور کر لیں کہ ہمارا یہ مساجد کے آباد کرنے کا دعویٰ مسلمانوں والا ہے یا مشرکوں والا، عجیب بات ہے کہ آسمان سے مدد کے تو منتظر ہیں لیکن آسمان والے کو راضی کرنے کی کسی تدبیر پر عمل نہیں، صرف زبانی خرچ رہ گیا۔

مسلمانوں ہمارا ایمان، ہمارے اخلاق، ہمارا اتحاد، ہماری معاشرت سب کچھ انتہائی پستی پر آگئے ہیں، اگر ہم نہ سنبھلیں تو کسی کا کچھ بگڑنے والا نہیں ہے، جو کچھ نقصان ہوگا ہمارا نقصان ہوگا، اسلام کا وجود ہم سے قائم نہیں ہے، اللہ کو کسی کی ضرورت نہیں ہے، ہم نہ سدھریں گے تو اللہ کسی اور کو پیدا کر دیگا جو اس کے دین کی خدمت کرے۔

لہذا اے اللہ کے بندوں! اللہ تمہیں بلا رہا ہے، اس کی طرف دوڑو، کامیابی کی طرف بھاگو، کامیابی قدم چومنے کی منتظر ہے۔

مولوی محمد کفیل احمد۔
اگر دینی امور میں کوئی سوال ہو تو درج ذیل ای میل پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ kafeelahmed184@gmail.com

Leave a comment

  1. ,ماشاءاللہ
    اللہ ہر مسلمان کو نمازی بنائے اور دین کو صحیح
    طور پر سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے
    اور آپ سے دین کا کام لیلے اور خوب ترقی عطا فرمائے
    آمین
    اسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

Translate »
× How can I help you?