Skip links

Allah se Mayus Mat Ho

اعوذ بالله من الشيطان الرجيم.
بسم الله الرحمن الرحيم.

لَا تَقْنَطُوْا مِنْ رَحْمَةِ اللّٰهِ.( الزمر)

ترجمہ: اللہ کی رحمت سے مایوس مت ہو۔

تشریح: ترقی کے اس دور میں جب مادیات آسمان کو چھو رہی ہیں تو یہ بات پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اسلام ایک پرانا نظریہ اور نا چلنے والا سکہ ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس جملہ کو نشر کرنے والے خود اسکے بطلان کو جانتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اسلام کی پوری حقیقت سے اگر لوگ واقف ہو جائیں تو ان کی حکومتیں خطرہ میں پڑجائے گی، کیونکہ انکی حکومت کا مدار ظلم و شیطانیت پر ہے،‌ اسلام کی شبیہ کو بگاڑ کر پیش کرنے کے لیے ان لوگوں نے ساری دنیا میں اپنے کارندے پھیلا رکھے ہیں جو لوگوں کے ذہن میں یہ فکر پیدا کر رہے ہیں کہ اگر کامیاب و کامراں ہونا ہے تو اسلام کو چھوڑنا ہوگا، سوشل میڈیا پر مسلمان بھی غیر دانستہ طور پر ان کی بالادستی کو بار بار بیان کر کے لوگوں میں مایوسی پیدا کر رہے ہیں، اسی مایوسی کا نتیجہ ہے کہ آج زندگی کے ہر شعبہ کے تعلق سے بہترین اصول رکھنے والے مسلمان نچلے طبقوں ہی کو اختیار کرتے ہیں، اعلی تعلیم، ٹریڈنگ و مینوفیکچرنگ اور سیاست سے گویا انکا کوئی تعلق ہی نہیں ہے، نیشنل یا انٹر نیشنل بازاروں اور منڈیوں میں آگے بڑھنے کے موقعے ہونے کے باوجود ذرہ سی کمائی پر اکتفا کیے ہوۓ ہیں۔
میرے دوستوں! مایوس مت ہونا.
اِنَّ كَيْدَ الشَّيْطَانِ كَانَ ضَعِيْفًا.( النساء) ترجمہ: “شیطان کا چال کمزور ہوتا ہے”۔ شیطانی چالوں سے اور غلط مقصد سے کیے ہوئے کاموں سے ڈرنا نہیں چاہیے، کیونکہ اللہ کی مدد مومنین کے ساتھ ہے، ہر شخص اپنی جگہ اخلاص کے ساتھ کام کرے، یہ نہ سوچے کہ تنہا میرے کرنے سے کیا ہوگا؟ کام سے زیادہ ہمارے نظریہ اور سوچ کا اعتبار ہے،” تاریک سے تاریک ترین وقت میں بھی روشنی کی امید ضرور ہوتی ہے، رات کا اندھیرا ضرور چھٹتا ہے”، اس کی سب سے بڑی دلیل تاریخ کے تاریک ترین دور میں عرب سے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا توحید کی آواز اٹھانا اور مشکلات کے باوجود ہمت نہیں ہارنا ہے، جس کا نتیجہ ہے کہ آج ساری دنیا اس نظریہ کو مٹانے کی کوشش کر رہی ہے اور اسکے باوجود ناکام ہے۔
یاد رکھیں” آپ کا وجود آپ کی سوچ سے ہے نہ کہ جسم سے، کیونکہ اسی سوچ کو آپ کا جسم ظاہر کرتا ہے”.
اب ضرورت ہے کہ ہم مایوسی کے دلدل سے نکلیں اور زندگی کے جن پرزوں پر زنگ لگ گیا انکو صاف کریں اور دنیا کے اس مشین کو بہترین انداز میں چلائیں۔
اللہ ہم سب کو مایوسی سے بچاۓ، اور دنیا و آخرت میں کامیاب بناۓ۔ آمین

مولوی محمد کفیل احمد
اگر دینی امور میں کوئی سوال ہو تو درج ذیل ای میل پر رابطہ کریں۔ kafeelahmed184@gmail.com

Leave a comment

Translate »
× How can I help you?